بنگلورو،28؍مارچ(ایس او نیوز) انتخابات کے عین کچھ قبل آج بنگلور ، میسور، منڈیا، کنکاپورہ اور دیگر مقامات پر محکمہ انکم ٹیکس نے جے ڈی ایس قائدین کی رہائش گاہوں پر چھاپہ مارا، جس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہاکہ اس حرکت سے مرکزی حکومت نے یہ ثابت کردیاہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات کا سامنا کرنے سے کس قدر خوفزدہ ہیں۔
میسور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ مرکزی حکومت کی اس زیادتی کے خلاف ریاستی حکومت کی طرف سے احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شکست کے خوف سے بی جے پی اپنے حریفوں کو اگر سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے ڈرائے گی تو کانگریس اور جے ڈی ایس اس سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ کمارسوامی نے کہاکہ بی جے پی کو یقین ہوگیا ہے کہ محکمۂ انکم ٹیکس کے ذریعے بی جے پی کانگریس اور جے ڈی ایس کو خوفزدہ کرکے انتخابات جیت لے گی، لیکن اس کی یہ تدبیر الٹی پڑ جائے گی۔ کمار سوامی نے محکمۂ انکم ٹیکس کو چیلنج کیا کہ ان کے گھر پر چھاپہ مارنے کی جرأت دکھائے۔
انہوں نے کہاکہ محکمۂ انکم ٹیکس اگر اپنی کارروائی میں واقعی غیر جانبدار ہوتا تو اس کے لئے ریاستی پولیس کی مدد حاصل کی جاتی، مرکزی دستوں کو میدان میں اتارنے جیسی سنگین صورتحال ریاست میں نہیں ہے، اس کے باوجود بھی مرکزی دستوں کو اتار کربی جے پی حکومت نے اپنے ذلیل مقاصد بے نقاب کردئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کی ایماء پر ملک کے آئینی اداروں کا کھلے عام غلط استعمال کیا جارہاہے۔